
لاہور (الفجرآن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے حساس اداروں کو فون ٹیپنگ کی اجازت دینے کیخلاف درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کردی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس فاروق حیدر نے سابق ایم پی اے غلام سرور کی وفاقی حکومت کی جانب سے حساس اداروں کو فون ٹیپنگ کی اجازت دینے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حساس ادارے کو فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے، درخواست کے حتمی فیصلے تک مزکورہ نوٹیفکیشن کی کارروائی کو معطل کیا جائے۔عدالت نے درخواست لارجر بینچ کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجواتے ہوئے لکھا ہے کہ درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں، ایسے میں کیس کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔