
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاک فضائیہ نے ایک بار پھر بین الاقوام سطح پر قوم کا نام روشن کرنے کی اپنی قابل فخر روایت کو برقرار رکھتے ہوئے برطانیہ میں منعقدہ عالمی شہرت یافتہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو-2025 کے دوران دنیا کی صف اول کی فضائی افواج کے مد مقابل دو ٹرافیاں حاصل کرکے ایک غیر معمولی کارنامہ سر انجام دیا۔
رائل انٹر نیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں ائیر چیفس کانفرنس کے دوران، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور اس کے طیاروں کی شاندار پینٹ سکیموں کو عالمی سطح پر بے مثال پزیرائی حاصل ہوئی. بہت سے عالمی سربراہان نے پاک فضائیہ کے دستے کے نظم و ضبط کے اعلیٰ معیار، اسکی آپریشنل تیاریوں اور اس بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی متاثر کن نمائندگی کی تعریف کی۔ اس شاندار کامیابی پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے دستے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی پرچم کو سربلند رکھنا ہمیشہ پاک فضائیہ کا نصب العین رہا ہے۔ یہ باوقار ایوارڈز ہماری پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تکنیکی مہارت اور عمدگی کے حصول کے لیئے ہماری انتھک جستجو کا مظہر ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان کی حقیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر پوری ٹیم کی تعریف کی۔
پاک فضائیہ کے جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں نے اس باوقار ایئر شو میں پہلی بار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے "اسپرٹ آف دی میٹ” ٹرافی اپنے نام کی، جو کہ ایک قابل تحسین امر ہے۔ یہ ٹرافی ان طیاروں کو دی جاتی ہے جو رائل انٹر نیشنل ایئر ٹیٹو کی روایات، اسکی روح اور جوش و جذبے کو بہترین انداز میں پیش کرتے ہیں۔
حالیہ پاک بھارت تنازعہ کے بعد برطانیہ بھر میں ہوا بازی کے شوقین حضرات اور دفاعی ماہرین پاک فضائیہ کے 4.5 جنریشن جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری طیارے کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے۔ یہ ایوارڈ پاکستان کے جے ایف-17 پروگرام کی تکنیکی مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی ایرو اسپیس صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ پاک فضائیہ کے سی-130 ہرکولیس نے اس سال کے "آئیز ان دی سکائیز” کے تھیم کی عکاسی کی، جسے ایک شاندار اور تخلیقی انداز سے تیار کردہ خصوصی لایوری سے مزین کیا گیا تھا۔ سی-130 طیارے نے بہترین مینٹیننس اور انتہائی خوبصورتی سے پیش کردہ ہوائی جہاز ہونے پر "کنکورز ڈی ایلیگینس” ٹرافی حاصل کی۔ جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری اپنی جدید صلاحیتوں کے ساتھ تقریب کی ڈسپلے لائن کا مرکز بنا رہا جب کہ مخصوص انداز میں پینٹ کیے گئے سی- 130 نے خاصی توجہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تماشائیوں اور بین الاقوامی وفود کی جانب سے تعریفیں سمیٹیں.
پاک فضائیہ کی رائل انٹر نیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں کامیابیوں کی ایک بھرپور تاریخ ہے- پاک فضائیہ نے اس سے قبل 2006، 2016 اور 2018 میں متعدد اعزازات حاصل کیے، اور ہوا بازی میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی معیار کی فضائیہ کے طور پر اپنی ساکھ کو مزید تقویت بخشی۔ رائل انٹر نیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی نہ صرف دنیا کی صف اول کی فضائی افواج میں اس کی حیثیت کو مزید مستحکم کرتی ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے انتہائی فخر کا باعث ہے۔