
احتجاجی تحریک میں شدت لائی جائے گی اور پرنٹ میڈیا دشمن عناصر اور انکی سازشوں کو بے نقاب کیاجائے گا
اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے سے کرپشن کی راہ ہموار اور بلوچستان کا پرنٹ میڈیا تباہی کاشکار ہو جائیگا
کوئٹہ (پ ر) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی جاری رہا۔علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات۔جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان موجود رہے۔احتجاجی کیمپ میں موجود شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کی کوششیں قابل مذمت اقدام ہے۔
ہزاروں افراد پر مشتمل صنعت کے مستقبل کا فیصلہ چند افراد کرنا چاہتے ہیں۔اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے سے کرپشن کی راہ ہموار اور بلوچستان کا پرنٹ میڈیا تباہی کاشکار ہو جائیگا۔علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اخباری صنعت کو تباہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دینگے۔
افسوس کا مقام ہے کہ بلوچستان کی اخباری صنعت گزشتہ ایک ماہ سے سراپا احتجاج ہے اور حکومت مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی اور متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی تحریک میں شدت لائی جائے گی اور پرنٹ میڈیا دشمن عناصر اور انکی سازشوں کو بے نقاب کیاجائے گا۔