
پی ٹی آئی میں سیاست غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھ میں چلی گئی ہے، وضاحتیں فراڈ ،پارا چنار میں آگ لگی ہوئی ،انہیں مارچ اور دھرنے کی پڑی ہے، مریم اورنگزیب، طلال چودھری ودیگر
اسلام آباد / لاہور (الفجر آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج اور بشری بی بی کے سعودیہ بارے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں سیاست غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھ میں چلی گئی ہے، وضاحتیں فراڈ ہیں، پارا چنار میں آگ لگی ہوئی ہے انہیں مارچ اور دھرنے کی پڑی ہے۔ لیگی رہنماؤں مریم اورنگزیب، عظمی بخاری، طلال چودھری اور بیرسٹر دانیال نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بشری بی بی نے جو کہا بانی کے کہنے پر کہا وضاحتیں فراڈ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ترقی کررہا ہے اور غریب عوام کو سہولیات کی فراہمی جاری ہے جبکہ ایک صوبے کا وزیراعلی عام آدمی کے دکھ سکھ میں شریک ہوتا نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ کرم اور پارا چنار میں 4روز سے آگ لگی ہے جبکہ انہیں مارچ اور دھرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اسلام آباد میں انتشار کیلئے آرہے ہیں، اگر لاہور اور اسلام آباد کو بند نہ کریں تو کیا ان کے رحم وکرم پر چھوڑ دیں۔ لیگی رہنماؤں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں عہدوں کا ناجائز اور غلط استعمال کیا جارہا ہے، پارٹی میں سیاست غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھ میں چلی گئی ہے،مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے والے دوست ممالک کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک ترقی کرنے لگتا ہے یا کسی اہم شخصیت کا دورہ ہوتا ہے یہ احتجاج اور دھرنے شروع کردیتے ہیں، اپنے مفادات کی خاطر ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔