وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ انہیں پیٹرول پر 95 روپے اور ڈیزل پر 203 روپے اضافے کی تجویز دی گئی جو انہوں نے مسترد کردی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اس ہفتے مزید 56 ارب روپے کا بوجھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی تاریخ میں پیٹرول فی لیٹر 544 روپے ہونا چاہیے تھا جو حکومت آپ کو 322 روپےمیں دے رہی ہے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت 790 روپے ہونی چاہیے تھی جو حکومت آپ کو 335 روپے میں فراہم کررہی ہے۔
قوم سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ میرے لیے عوام کے معاشی تحفظ کے سوا کچھ نہیں ہے دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں دو گنی ہوچکی ہیں، حکومت نےمہنگائی کے اس طوفان کو عوام تک پہنچنے سے روک رکھا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کےلیےسفارتی محاذ پر دن رات متحرک ہیں، پاکستان دو محاذوں پر نہایت کامیابی سے کام کررہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ خطہ اور دوست ممالک تباہ کن جنگ سےنجات پائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے متعدد مرتبہ ایران اور خلیجی ممالک کے سربراہان سے تفصیلی گفتگو کی، پاکستان کی سفارتی کوششیں محض بین الاقوامی کوشش نہیں بلکہ مذہبی فریضہ ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار پوری محنت اور خلوص نیت سے کام کررہے ہیں، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی اس عمل میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔
