سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان میر عمران گچکی کی قیادت میں محکمہ کی مؤثر حکمتِ عملی اور فیلڈ ٹیموں کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں صوبے میں جنگلی حیات کے تحفظ اور افزائشِ نسل کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔محکمہ کے ذرائع کے مطابق ضلع چاغی میں ہرن کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کیے گئے عملی اقدامات کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی علاقے میں جنگلی جانوروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہاں کا قدرتی ماحول محفوظ اور موافق ہو رہا ہے۔سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات نے اس پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ صوبے میں حیاتیاتی تنوع (Biodiversity) کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے، جن میں غیر قانونی شکار کی روک تھام، قدرتی مساکن کا تحفظ اور مقامی سطح پر آگاہی مہمات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کی ٹیمیں دور دراز علاقوں میں بھی بھرپور انداز میں خدمات انجام دے رہی ہیں، جس کے نتیجے میں نایاب اور خطرے سے دوچار انواع (Endangered Species) کو تحفظ مل رہا ہے۔ ضلع چاغی میں ہرن کی بڑھتی ہوئی تعداد اسی مسلسل محنت اور مربوط حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے.
سیکرٹری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گا تاکہ صوبے کے قدرتی وسائل اور جنگلی حیات کو محفوظ بنایا جا سکے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک متوازن اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
