وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ ارض کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ قدرتی ماحول کا تحفظ اور اس کی بقا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے اجتماعی شعور اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں
انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور متنوع ماحولیاتی نظام سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں ساحلی مینگرووز سے لے کر بلند پہاڑی علاقوں کے جونیپر اور چلغوزہ کے جنگلات تک اہم قدرتی اثاثے موجود ہیں، جو موسمیاتی تحفظ، آبی وسائل کے استحکام اور عوام کے روزگار میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم موسمیاتی تبدیلی، طویل خشک سالی اور زمین کی زبوں حالی جیسے چیلنجز صوبے پر اثر انداز ہو رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان پائیدار ترقی کے فروغ، جنگلات کے رقبے میں اضافے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ درخت لگانے، پانی کے تحفظ اور قدرتی وسائل کی حفاظت میں بھرپور کردار ادا کریں انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ الحمدللہ بلوچستان پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنا کلائمیٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے اور اس کے شفاف اور موثر استعمال کے لیے باقاعدہ پالیسی بھی تشکیل دی ہے، جو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایک سرسبز، مضبوط اور پائیدار بلوچستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔