لوزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جہلم پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ، غفلت برتنے والے پولیس لائن منتقل
عوام کی خدمت اور پولیس کی کارکردگی میری اولین ترجیح ہے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ڈی پی او جہلم
جہلم () وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے ضلع بھر میں عوامی مسائل کے فوری حل اور پولیس و شہریوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے کھلی کچہریوں کے سلسلے کا آغاز کر دیا۔ گزشتہ 3 دنوں کے دوران تھانہ سٹی، سول لائنز، صدر، چوٹالہ، جلالپور شریف، دینہ، ڈومیلی اور سوہاوہ سمیت 8 مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان کچہریوں میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز ڈی پی او کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او جہلم نے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے متعدد درخواستوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا۔ عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او نے اختیارات کے غلط استعمال، کرپشن اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر سخت محکمانہ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 04 اے ایس آئیز اور 01 سب انسپکٹر کو معطل کر کے پولیس لائن رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ تعینات افسران کے حوالے سے عوامی شکایات پر ڈی پی او نے بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیے ہیں۔ انسپکٹر نوید افضل کو ایس ایچ او تھانہ سٹی سے تبدیل کر کے ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں تعینات کر دیا گیا۔ سب انسپکٹر اللہ دتہ کینٹ چوکی سے تبدیل ہو کر نئے ایس ایچ او تھانہ سٹی مقرر۔ سب انسپکٹر زاہد رضا کو ایس ایچ او سوہاوہ سے انچارج چوکی کھیوڑہ، جبکہ سب انسپکٹر عمران امجد کو انچارج چوکی سٹی دینہ سے ایس ایچ او سوہاوہ تعینات کر دیا گیا۔ انسپکٹر محمد طارق ایس ایچ او ڈومیلی کو پولیس لائن منتقل کر کے ان کی جگہ سب انسپکٹر ساجد داؤد کو چوکی کسیال سے ایس ایچ او ڈومیلی مقرر کیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر محمد ریاض حیدر کو ایس ایچ او جلالپور شریف سے انچارج چوکی دھریالہ جالپ، جبکہ سب انسپکٹر ضمیر حسین کو وہاں سے تبدیل کر کے ایس ایچ او جلالپور شریف تعینات کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو سخت ہدایت کی کہ عوام کے مسائل تھانہ کی سطح پر ہی حل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور عوامی شکایات کا ازالہ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مشن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔