ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ بلوچستان عسکر خان کی زیرِ صدارت محکمہ تعلقاتِ عامہ کے ڈویژنل اور ضلعی افسران کا ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر کے ضلعی افسران کی کارکردگی اور محکمانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ضلعی افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں محکمانہ سرگرمیوں، حکومتی منصوبوں کی تشہیر اور میڈیا کوریج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر مختلف اضلاع میں جاری حکومتی ترقیاتی منصوبوں کی تشہیر کے حوالے سے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ بلوچستان عسکر خان نے کہا کہ محکمہ تعلقاتِ عامہ کا بنیادی مقصد حکومت بلوچستان کی عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام افسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کی مؤثر تشہیر کے لیے جدید ذرائع ابلاغ سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور ویڈیوز، پوسٹرز، فیچر اسٹوریز اور اخباری مضامین کے ذریعے عوام تک درست اور بروقت معلومات پہنچائی جائیں تاکہ حکومتی کارکردگی بہتر انداز میں عوام کے سامنے پیش کی جا سکے۔
ڈی جی پی آر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے ماتحت عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں اور محکمانہ فرائض میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نظم و ضبط، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور بہتر کارکردگی ہی محکمہ کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں اور حکومتی ترقیاتی وژن کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔