
واشنگٹن(الفجرآن لائن)امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 277الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے دوسری بار امریکی صدر منتخب ہوگئے جبکہ ان کی مد مقابل کملا ہیرس اب تک 226الیکٹورل ووٹ حاصل کرسکی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات کے غیرحتمی نتائج کے مطابق ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 277الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے امریکا کے 47ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔امریکہ میں 47ویں صدر کے چناؤ کیلئے ووٹنگ کا آغاز امریکہ کی مشرقی اور وسطی ریاستوں سے ہوا، دسیوں ملین امریکی پہلے ہی ان انتخابات کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے تھے۔ابتدائی ووٹروں نے جارجیا، شمالی کیرولائنا اور میدان جنگ کہلانے والی دیگر ریاستوں سے ریکارڈ تعداد میں ووٹنگ میں حصہ لیا،جارجیامیں اس بارچار ملین سے زائد ووٹرز نے قبل از وقت ووٹنگ میں حصہ لیا۔سینیٹ میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو کملا ہیرس کی پارٹی پر برتری حاصل ہے، امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز نے 100میں سے 51 نشستیں لے کر سادہ اکثریت حاصل کرلیں جبکہ ڈیموکریٹس نے 43 نشستیں حاصل کیں۔ ٹرمپ کے کیمپ میں جشن کا سماں ہے، ٹرمپ کے حامیوں نے وائٹ ہاٹس کے باہرجمع ہوکر خوب ہلہ گلہ کیا، ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے وائٹ ہاوس کے سامنے نعرے لگائے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی کانگریس کی جانب سے انتخابی ووٹوں کی گنتی اور باضابطہ طور پر انتخابات کے فاتح کی تصدیق کیلئے 6جنوری 2025ء کو واشنگٹن میں اجلاس منعقد کیا جائے گا جبکہ نئے صدر کی تقریب حلف برداری 20جنوری کو واشنگٹن میں منعقد ہو گی۔