
تفتیشی عمل جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری، فورسز کو درکار وسائل فراہم کرینگے، اہداف کیلئے نتائج چاہتے ہیں، وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایکشن پلان موثر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتیشی عمل جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے، فورسز کو درکار وسائل فراہم کرینگے، اہداف کیلئے نتائج چاہتے ہیں۔بدھ کو وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ایکشن پلان کی تشکیل سے متعلق اجلاس ہوا۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادرخان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گورننس کی بہتری، بحالی امن کیلئے جامع حکمت عملی بنا رہے ہیں، دہشت گردی، جرائم، بھتہ خوری، سمگلنگ کے تدارک کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی ایکشن پلان کو موثر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے، دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کیلئے ٹھوس حکمت عملی وضع کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی پروفائلنگ کر کے کڑی نظر رکھی جائے، فورسز کو درکار وسائل فراہم کریں گے، اہداف کیلئے نتائج چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بحالی امن پہلی ترجیح، پائیدار ترقی امن سے مشروط ہے، صوبائی ایکشن پلان کے ثمرات امن کی صورت میں بتدریج سامنے آئیں گے۔