
پشاور (الفجرآن لائن) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ فائنل کال کی تیاری پہلے ہی مکمل تھی، مطالبات نہ ماننے تک واپسی نہیں ہوگی۔پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ سپورٹس میں حصہ لینا اچھی بات ہے، آپ قوم کے وہ باشعور بچے ہیں جو ملک کو تبدیل کرینگے، ملک کو ایسا بنائیں گے جس کا خواب علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میں خود سکواش چمپئن شپ لاہور بورڈ سے جیتا ہوں، ایک دفعہ سندھ گیا دوسری مرتبہ پنجاب پولیس نے سندھ پولیس کے حوالے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری بچیاں ہمارا اثاثہ ہے ان پر زیادہ خرچ کریں گے، امید ہے ایسے ایونٹس ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک ویژن ہے،جو بھی کام کرتے ہیں اگلی بار اس سے بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فائنل کال کی تیاری پہلے ہی مکمل ہے، بہترین تیاری کررہے تھے اور اب بھی تیاری جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی بتایا تھا کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی۔