
اسلام آباد (الفجر آن لائن) پی ٹی آئی کی جانب سے پرتشدد مظاہرے کرنے پر عمران خان، بشری بی بی، علی امین ودیگر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق 24 نومبر کو پرتشدد مظاہروں کیخلاف بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف تھانہ ٹیکسلا میں انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت درج کیا گیا،مقدمے میں عمران خان، بشری بی بی، عارف علوی ، علی امین ، عمر ایوب ، علیمہ خان، اعظم سواتی، تیمور مسعود، شہریار ریاض سمیت 300سے زائد مقامی رہنماؤں اور کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق مظاہرین نے سرکاری موٹر سائیکل اور گاڑی کو نقصان پہنچایا جبکہ ملزمان نے پولیس ڈرائیور کو اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر چھوڑ دیا۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے پارٹی رہنماوں کو اسلام آباد چڑھائی کا منصوبہ دیا۔مقدمہ نمبر 2594میں کار سرکار میں مداخلت، دفعہ 144کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں جبکہ مظاہرین پر سرکاری پرائیویٹ املاک کو نقصان پہنچانے اور مجمع جمع کرکے شاہراؤں کو بند کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔