
جرائم، سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ایسے عناصر بارے فوری اطلاع رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن پر دی جائے، نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا، ترجمان رینجرز
کراچی (الفجر آن لائن) سندھ رینجرز اور کسٹم حکام نے بولٹن مارکیٹ میں مشترکہ کارروائی کے دوران 10 کروڑ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور کسٹم انفورسمنٹ حکام نے کھارادر کے علاقے بولٹن مارکیٹ کے یوسف پلازہ میں خفیہ معلومات پر مشترکہ آپریشن کے دوران 10کروڑ روپے مالیت کی نان نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد کرلیں۔ذرائع کے مطابق برآمد ہونیوالی اشیاء میں سگریٹ، الیکٹرک سگریٹ، شیشہ فلیور، گھڑیاں، چاکلیٹ، صابن، پرفیوم، مختلف اقسام کاکاسمیٹکس سامان اورمختلف نوعیت کی اشیائے خورونوش شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق برآمد شدہ نان کسٹم پیڈ اشیا ئ12مزدہ ٹرکوں کے ذریعے مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹم انفورسمنٹ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ایسے عناصر بارے اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، حکام کے مطابق معلومات فراہم کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔