
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی جانب سے انکی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد کی گئی۔ ایئر وائس مارشل عامر شہزاد، ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، کی قیادت میں پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فضائیہ کے دستے نے شہید نوجوان پائلٹ راشد منہاس شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے اپنی بے مثال ہمت اور غیر متزلزل عزم سے مادرِ وطن کی ناموس اور وقار کا تحفظ کیا۔
بعد ازاں، ایئر وائس مارشل عامر شہزاد نے پی اے ایف میوزیم، کراچی میں قائم یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ تقریب کے شرکاء نے پاک فضائیہ کو ملک کی ایک ناقابلِ تسخیر قوت بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جو اپنے جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ تقریب کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کے ان شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا جن کی قربانیاں قومی تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف میں نقش ہیں۔
یوم فضائیہ، پاک فضائیہ کے ان شہداء اور غازیوں کے غیر معمولی جذبے کی ایک روشن دلیل ہے جنہوں نے اپنی شجاعت اور جذبے سے 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران دشمن کے منصوبوں کو خاکستر کیا۔ یہ دلیری ان ہیروز کی میراث ہے جوکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک عمدہ مثال اور پاکستان کے محافظوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔