وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں بہادری اور قربانی کی ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے پہلی خاتون پولیس کانسٹیبل ملک ناز نے وطنِ عزیز پر اپنی جان نچھاور کر دی۔ انہوں نے شہیدہ ملک ناز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور یہ صوبے کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک ناز کی قربانی اس لیے بھی مزید عظیم ہے کہ اس سے قبل ان کے شوہر عبدالغنی بھی وطن پر قربان ہو کر شہادت کا عظیم مرتبہ حاصل کر چکے ہیں۔ ایک ہی خاندان کی جانب سے دی جانے والی یہ بے مثال قربانی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان اس دکھ کی گھڑی میں شہیدہ کے بچوں اور اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مکمل سرپرستی کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور نگہداشت کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ بلوچستان میں پاکستان کے لیے خون دینے والا ہر بہادر ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، اور ان کے خاندانوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی اور شہداء کا مشن ہر صورت پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔