اسلام آباد میں امریکہ ، ایران مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ
پاکستان ایک بار پھر اہم عالمی سفارتی سرگرمی کا مرکز بننے جا رہا ہے، جہاں آج رات امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی مصالحتی کوششوں کے نتیجے میں سامنے آئی ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور فریقین کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس اراقچی کریں گے، جو آج رات اسلام آباد پہنچ رہے ہیں
۔ دوسری جانب امریکہ کی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیم پہلے ہی دارالحکومت میں موجود ہے، جو ممکنہ مذاکرات کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
مذاکرات میں سیکیورٹی صورتحال، علاقائی استحکام، اور باہمی تعلقات میں بہتری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ سفارتی حلقوں کے مطابق اگر مذاکرات کا یہ اہم دور کامیاب رہا تو پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان جامع معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع ان پیش رفتوں کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔