کوئٹہ، 26 اپریل:حکومت بلوچستان نے گورنمنٹ گرلز کالج بارکھان کی سرکاری بس کے خلاف ضابطہ استعمال کے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کالج کی سربراہ کو معطل کر دیا ہے۔
اس حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں سرکاری وسائل کے مبینہ غلط استعمال کی نشاندہی کی گئی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن بلوچستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل کو 90 روز کے لیے معطل کر دیا ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ واقعے کی جامع رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو پیش کی جائے حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے کسی بھی عمل کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔