
میری آنکھوں میں امید میری روح کا عکس ہے، مجھے اندھیرے میں امید کی کرن نظر آرہی ، یقین ہے صحت یاب ہوںگی، اداکارہ
ممبئی(الفجرآن لائن) کینسر کا شکار بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنی نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری آنکھوں میں امید میری روح کا عکس ہے، مجھے اندھیرے میں امید کی کرن نظر آرہی ہے، یقین ہے صحت یاب ہوںگی۔بھارتی میڈیا کے مطابق چھاتی کے کینسر کا شکار بھارتی اداکار حنا خان نے انسٹا گرام پر اپنی چند نئی تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں ان کے سر کے بال چھوٹے اور گردن و جسم پر تازہ زخموں کے نشان نظر آرہے ہیں۔ اداکارہ نے پوسٹ کیپشن میں لکھا کہ تصاویر اس لئے پوسٹ کیں تاکہ اس جان لیوا مرض میں مبتلا دیگر مریضوں کی ہمت بڑھا سکوں۔انہوں نے مداحوں سے سوال کیا کہ آپ کو ان تصاویر میں کیا نظر آرہا ہے؟ میرے جسم کے نشانات یا میری آنکھوں میں امید؟۔ انہوں نے کہا کہ یہ نشانات میرے ہیں، میں نے انہیں پیار سے گلے لگایا ہے کیونکہ یہ میری جیت کی پہلی نشانی ہے جس کی میں حقدار ہوں۔انہوں نے کہا کہ میری آنکھوں میں امید میری روح کا عکس ہے، مجھے اندھیرے میں بھی امید کی کرن نظر آرہی ہے جو میری شفایابی کو ظاہر کررہی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں صحت یاب ہوجاؤں گی، میں اپنے لئے اور آپ سب کیلئے بھی دعاء گو ہوں۔