
پنسلو ینیا(الفججر آن لائن)امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوگئے تاہم ان کی جان محفوظ رہی جبکہ حملہ آور مارا گیا، واقعہ میں ایک شخص بھی ہلاک ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
تاہم ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی نیچے جھک گئے اور ریلی میں بھگدڑ مچ گئی، چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنا مکا ہوا میں لہرایا ، اس وقت ان کے دائیں کان پر خون کے نشانات دکھائی دے رہے تھے، فوراً سیکرٹ سروس کے اہلکار ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے، واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی۔
بی بی سی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولی میرے دائیں کان کے اوپر کے حصے میں لگی، مجھے فوری طور پر لگا کہ کچھ ہوا ہے تاہم جب بہت زیادہ خون بہا تب مجھے پتا چلا کہ کیا ہوا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے کہ ہمارے ملک میں ایسی حرکت ہو سکتی ہے، گولی چلانے والے کے بارے میں اس وقت کچھ معلوم نہیں۔
سابق صدر ٹرمپ نے قانون نافذ کرنیوالوں کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے گھناؤنے عمل کے دوران فوری طور پر حفاظتی اقدام کیا
سیکریٹ سروس اہلکاروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فائرنگ کے واقعے کے بعد بہاردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سے اپنے ہوش و حواس پر قابو رکھا اور عوام کی جانب مکا لہراتے ہوئے کہا فائٹ فائٹ فائٹ۔
امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کا بیان سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے۔
ایف بی آئی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا 20 سال کا مقامی نوجوان تھا جس کی شناخت تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی ہے تاہم ابھی حملہ کرنے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔