
ریاست سے تنخواہ لینے والوں کی تنخواہیں اور مراعات کارکردگی سے مشروط ہونی چاہئیں، بیان
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے عدلیہ میں چھٹیوں اور پنشن کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست سے تنخواہ لینے والوں کی تنخواہیں اور مراعات کارکردگی سے مشروط ہونی چاہئیں۔تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں زیر التوا مقدمات میں 3.9فیصد اضافہ ہوا ہے،ہر 17واں گھرانہ مقدمہ میں فریق ہو اور انصاف کا یہ حال ہو کہ انصاف کے بڑے ایوانوں والے چھٹیوں پر چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال تک عدلیہ میں سالانہ تعطیلات 15جون تا 11ستمبر تھیں، اس سال موجودہ چیف جسٹس نے تعطیلات ایک ماہ کردیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں عدلیہ میں چھٹیوں اور پنشن کے معاملے پر بحث ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ریاست سے تنخواہ لینے والوں کی تنخواہیں اور مراعات کارکردگی سے مشروط ہونی چاہئے، ٹیکس معاملات بھی برابر ہونے چاہئیں۔