
لاہور (الفجرآن لائن)لاہورہائیکورٹ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کو سوشل میڈیا پر ان سے متعلق اپ لوڈ کی گئی مبینہ ویڈیو کیخلاف ایف آئی اے سے رجوع کی ہدایت کردی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی مبینہ ویڈیو پر خاتون کیخلاف کارروائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں ایف آئی اے اور وزارت داخلہ سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ فلک جاوید نامی خاتون نے درخواست گزار کی ٹویٹر پرنازیبا ویڈیواپ لوڈ کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فلک جاوید پہلے بھی مختلف ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، عدالت فلک جاوید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے ،ایف آئی اے کو فوری تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ طلب کرے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کے دوران عظمی بخاری کو مبینہ ویڈیو پر ایف آئی سے رجوع کی ہدایت کرتے ہوئے تمام ثبوت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عظمی بخاری نے کہا کہ ایک جماعت نے طوفان بدتمیزی مچایا ہوا ہے، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈاکیا جارہا ہے، کیا عدالتوں سے صرف پی ٹی آئی کو انصاف ملے گا؟ عام شہری کی حیثیت سے انصاف لینے آئی ہوں ،انصاف دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو مظلوم بناکر پیش کیا جارہاہے، مخصوص جماعت کی درخواستیں آتی ہیں تو فوری سماعت کیلئے مقرر ہو جاتی ہیں ، مخصوص لوگوں کیلئے رات گئے تک انصاف ملتا رہا ہے۔