
شہادت سے ظاہر ہوتا ہے ، اسرائیل امن کا خواہاں نہیں، عالمی برادری نے اسرائیل کو روکنے کیلئے اقدامات نہ کئے تو خطے میں افراتفری پھیلے گی، امن کوششوں کو نقصان پہنچے گا، بیانات
سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کیلئے محنت ، اسرائیل پر حملہ ہوا تو اس کا دفاع کریں گے، امریکہ
غزہ (الفجرآن لائن) حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ترکیہ ، روس ، چین، قطر ، پاکستان ودیگر ممالک نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت سے ظاہر ہوتا ہے اسرائیل امن کا خواہاں نہیں، عالمی برادری نے اسرائیل کو روکنے کیلئے اقدامات نہ کئے تو خطے میں افراتفری پھیلے گی اور امن کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مختلف ممالک نے حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کی اسرائیلی میزائل حملے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترکیہ کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس سربراہ کی شہادت سے ظاہر ہوتا ہے اسرائیل امن کا خواہاں نہیں ، نیتن یاہوخطے میں جنگ پھیلانا چاہتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر عالمی برادری نے اسرائیل کو روکنے کیلئے اقدام نہ کیا تو خطے کو بہت بڑے تنازعات کا سامنا کرنا پڑے گا۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد مجھے نہیں لگتا کہ جنگ ناگزیر ہے ، میرے خیال میں سفارت کاری کیلئے ہمیشہ گنجائش اور مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرق وسطی میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، اسرائیل پر حملہ ہوا تو اس کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے کیلئے سخت محنت کرے گا۔روسی وزیر خارجہ نے اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حماس سربراہ کا قتل سیاسی اور ناقابل قبول ہے، اسرائیلی اقدام کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔فلسطینی صدر محمود عباس نے اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے فعل کو بزدلانہ کارروائی اور خطرناک پیشرفت قرار دیا ہے۔انہوں نے فلسطینیوں سے متحد ہونے، اسرائیلی قبضے کے مقابلے میں صبر اور ثابت قدم رہنے پر زور دیا ۔قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہ وزارت اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ یہ قتل اور غزہ میں شہریوں کو مسلسل نشانہ بنانے کے لاپرواہ اسرائیلی رویئے سے خطہ افراتفری کی طرف جائے گا اور امن کے امکانات کو نقصان پہنچے گا۔چینی وزارت خارجہ نے حماس سربراہ کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تصادم، کشیدگی سے بچنے کیلئے غزہ میں فوری جنگ بندی ضروری ہے، ہم علاقائی تنازعات مذاکرات اور بات چیت سے حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک ایران میں حماس سربراہ کا قتل بہت بڑا نقصان ہے ، مرحوم کامیاب ہوگئے ،انہوں نے اپنے پیروکاروں کیلئے مزاحمت، قربانی، صبر، برداشت، جدوجہد اور عملی قربانی کا سبق چھوڑا ہے۔پاکستان نے بھی اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی اقدام سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا، قیام امن کیلئے اقوام متحدہ، عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔