
حسن نصراللہ محفوظ ہیں، ایرانی میڈیا و حزب اللہ کمانڈر کی اسرائیلی فوج کے دعوے کی تردید
تل ابیب/بیروت (الفجرآن لائن) اسرائیلی فوج نے بیروت حملوں میں حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ، بیٹی زینب نصر اللہ سمیت 4سینئر رہنماؤں کو شہید کرنے کا دعویٰ کردیاتاہم ایرانی میڈیا و حزب اللہ کمانڈر نے حسن نصراللہ کے بخیریت وعافیت ہونے کی تصدیق کردی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورس نے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر پر کئے گئے فضائی حملے میں ایرانی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ، ان کی بیٹی زینب نصراللہ،حزب اللہ کے میزائل یونٹ کے سربراہ محمد علی اسماعیل اور نائب حسین احمد اسماعیل کو شہید کردیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی بھی ثبوت فراہم نہیں کئے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملے تقریبا 5 گھنٹوں تک جاری رہے جبکہ ہفتے کی صبح بھی اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات اور دیگر علاقوں پر فضائی حملے کئے۔ عرب میڈیا کے مطابق بیروت پر اسرائیلی حملے میں 8 افراد شہید اور 91 زخمی ہوئے جبکہ 6 عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں حزب اللہ کے سربراہ مکمل طور پر محفوظ رہے ہیں، ان کے بارے میں مزید معلومات لی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں حزب اللہ کے ایک کمانڈر نے بھی تصدیق کی ہے کہ حسن نصر اللہ حملے میں محفوظ رہے ہیں۔