ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 7دسمبر تک توسیع،وکلاء حتمی دلائل کیلئے طلب
لاہور (الفجرآنلائن) 9 مئی مقدمات کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی نے علیمہ و عظمی خان، فواد چودھری، سمیت دیگر ملزمان کو قصور وار قرار دے دیا جبکہ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 7دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے وکلاء کو حتمی دلائل کیلئے طلب کرلیا۔ جمعہ کو اے ٹی سی لاہور میں جج ارشد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمی خان،فواد چودھری سمیت دیگر کیخلاف 9مئی توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں عبوری ضمانت درخواستوں پر سماعت کی۔ فواد چودھری،ملک کرامت کھوکھر سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ علیمہ و عظمی خان کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔
عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ حاضری معافی آخری بار منظور کی جارہی ہے، آئندہ ملزمان عدالت پیش ہوں۔دوران سماعت مقدمات کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی نے رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں علیمہ خان، عظمی خان،فواد چودھری سمیت دیگر ملزمان کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان کے وکلاء کو حتمی دلائل دینے کیلئے طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 7دسمبر تک توسیع کردی۔
