
قلات (الفجر آن لائن) قلات کے علاقے شاہ مردان چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 7 اہلکار شہید جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلات میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار شہید جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ حکام کے مطابق شہید اہلکاروں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں چیک پوسٹ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء نے اپنے خون سے امن کی آبیاری کی، لازوال قربانیوں کا قرض نہیں اتارسکتے۔ ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں چیک پوسٹ پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا نے اپنے خون سے امن کی آبیاری کی ہے، عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، لازوال قربانیوں کا قرض ہم کبھی نہیں اتار سکتے۔انہوں نے کہا کہ دشمن ملکی ترقی سے خوفزدہ ہیں، دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے تک دہشت گردوں کا پیچھا جاری رکھا جائے گا۔