
شہری نے فوج میں ضرورری تربیت سے بچنے کیلئے 20 کلو وزن بڑھایا
سیؤل(الفجر آن لائن)جنوبی کوریا میں عدالت نے ایک شہری کو جان بوجھ کر وزن بڑھانے پر ایک سال قید کی سزا سنا دی، شہری نے فوج میں ضرورری تربیت سے بچنے کے لیے 20 کلو وزن بڑھا یا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیؤل کی مشرقی ڈسٹرکٹ کورٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملک کے فوجی سروس کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر مذکورہ شہری کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، یہ سزا فوری طور پر نہیں دی جائے گی اور دو سال کے لیے معطل کی گئی ہے۔
عدالت کے مطابق مذکورہ شخص کے ایک قریبی جاننے والے شہری کو بھی ایک سال کی سزا سنائی گئی ہے کیونکہ وہ اس شخص کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کا سبب بنے، عدالت نے جن شہریوں کو سزا سنائی ہے وہ آپس میں دوست ہیں اور دونوں کی عمریں 26 برس کے لگ بھگ ہیں۔سنہ 2017 میں لیے گئے امتحان کے مطابق مذکورہ شہری فوج میں خدمات کے لیے جسمانی طور پر فٹ تھے کیونکہ ان کا قد پانچ فٹ چھ انچ جبکہ وزن 83 کلوگرام تھا۔
لیکن اپنے دوست کے مشورے پر مذکورہ شخص نے فوج کی ضروری خدمات سے بچنے اور سوشل ویلفیئر کے سینٹر میں جانے کے لیے اپنی خوراک بڑھا دی۔عدالتی دستاویزات کے مطابق مجرم قرار دیے گئے شہری نے وزن بڑھانے کے لیے بہت زیادہ کیلوریز والی خوراک کا استعمال شروع کیا اور بطور ڈیلیوری ورکر اپنے روزمرہ کا کام چھوڑ دیا۔ یادرہے جنوبی کوریا میں ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ فوج میں ڈیڑھ سال سے 21 ماہ تک ضروری خدمات انجام دے اور صرف ایسے افراد کو غیرفوجی مقامات پر فرائض کی انجام دہی کے لیے بھیجا جاتا ہے جن کو صحت کے مسائل ہوں۔ ایسے شہریوں کو یہ عرصہ ویلفیئر سینٹرز اور کمیونٹی سروس سینٹرز میں گزارنا ہوتا ہے تاہم جن افراد کو زیادہ سنجیدہ نوعیت کے صحت کے مسائل ہوں ان کو فوجی فرائض سے استثنی دیا جاتا ہے۔