
گرفتار ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج ،تحقیقات شروع
راولپنڈی (الفجر آن لائن)ا ے این ایف نے منشیات سمگلنگ کیخلاف 9 کارروائیوںمیں 9 ملزمان گرفتار کر کے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی.151 63 کلو منشیات برآمد کرلیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات سمگلنگ کیلئے جاری کریک ڈاؤن کے دوران کوہ نور ملز راولپنڈی کے قریب کارروائی میں کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 3.600کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا،فتح چوک حیدر آباد میں پیٹرول پمپ کے قریب ملزم سے 3کلو چرس برآمد ہوئی،پیر ودھائی موڑ جی ٹی روڈ راولپنڈی کے قریب ملزم سے 2.400کلو گرام چرس ، ایکسپریس وے اسلام آباد پر کالج کے قریب ملزم سے 900گرام چرس ،نجی ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب 2 ملزمان سے 51گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ترجمان کے مطابق حاجی کیمپ پشاور کے قریب ملزم سے 1.200کلو گرام آئس ،سریاب روڈ کوئٹہ پر 2ملزمان سے 10کلوچرس ،گوادر میں کوسٹل لائن کے قریب چھپائی گئی 32کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی، اسی طرح ڈی بلاک چوک گوادر کے قریب گودام سے 5 کلوگرام ہیروئن اور 5کلوگرام آئس برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔