
میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے دارالحکومت میں ٹریفک کے برسوں پرانے مسائل مستقل حل ہوں گے، وزیر داخلہ
اسلام آباد(الفجرآن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کو سرینا چوک انٹرچینج پراجیکٹ 10کی بجائے 3ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا ہے کہ میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے دارالحکومت میں ٹریفک کے برسوں پرانے مسائل مستقل حل ہوں گے۔جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سرینا چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، متعلقہ سینئر افسران نے وزیر داخلہ کو انٹرچینج کی تعمیر بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پراجیکٹ کی مقرر کردہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کیلئے خود نگرانی کر رہا ہوں، دن رات تعمیراتی کام کر کے منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے، تعمیراتی کام کے دوران متبادل ٹریفک پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ٹریفک روانی کیلئے بہترین مینجمنٹ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے سے اسلام آباد میں آنیوالے دیگر شہروں کے لوگوں کو بھی آمدورفت میں سہولت ملے گی، سرینا چوک انٹرچینج پراجیکٹ کے تحت 2انڈر پاس تعمیر ہو رہے ،رابطہ سڑکیں بن رہی ہیں۔وزیراعلی نے سی ڈی اے کو پراجیکٹ 10 کی بجائے 3 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے دارالحکومت میں ٹریفک کے برسوں پرانے مسائل مستقل حل ہوں گے۔