
شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی عمران خان شہید ہوگئے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 اپریل کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کیے گئے آپریشنز کے دوران 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرک میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 خوارج واصل جہنم ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی گئی جس میں 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 جوان، 28 سالہ لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی 26 سالہ سپاہی عمران خان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان کے گومل زام کے عمومی علاقے میں کیا گیا، جہاں 3 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔