وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انسدادِ ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملیریا ایک مہلک مگر قابلِ علاج بیماری ہے، جس کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت اور عوام کو مل کر اس بیماری کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھانا ہوں گے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ملیریا کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے لیے مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ان سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر اور مؤثر بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام بھی اس سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملیریا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اپنے اردگرد صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کھڑے پانی کے خاتمے کو یقینی بنائیں، کیونکہ یہ بیماری کے پھیلاؤ کا بنیادی سبب بنتا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے ہر شہری کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔