
ملکی معیشت کی مضبوطی وبحالی کیلئے نجکاری عمل اہمیت کا حامل ، اداروں کی شفاف و جلد نجکاری یقینی بنائی جائے،عبدالعلیم خان کی ہدایت
اسلام آباد (الفجرآن لائن) نجکاری کمیشن بورڈ نے ڈسکوز کی نجکاری کی منظوری دے دی جبکہ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی وبحالی کیلئے نجکاری عمل اہمیت کا حامل ہے، اداروں کی شفاف و جلد نجکاری یقینی بنائی جائے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈونجکاری عبدالعلیم خان کی زیرصدارت نجکاری کمیشن بورڈکا اجلاس ہوا جس میں ڈسکوز کی نجکاری کی منظوری دی گئی،اجلاس میں نجکاری بارے2025ء تک قانونی مراحل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، پہلے مرحلے میں میں 3ڈسکوز کی نجکاری کی جائے گی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری پرائیوٹائزیشن کیلئے نجی شعبے کی سنجیدگی کا اظہارہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی وبحالی کیلئے نجکاری کا عمل اہمیت کا حامل ہے،اداروں کی شفاف و جلد از جلد نجکاری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو منتقل ہونیوالے اداروں کو منافع بخش بنانے کے مضبوط امکانات ہیں، نجکاری کے تمام اہداف بروقت حاصل کئے جائیں۔