
نشیبی علاقے زیر آب، سڑکیں، گلیاں تالاب میں تبدیل، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند، سائرن بجا دیئے گئے
راولپنڈی (الفجرآن لائن) راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے،سڑکیں ، گلیاں تالاب میں تبدیل ہوگئیں جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سائرن بجا دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی شدید بارش کے باعث بنی چوک ،کمیٹی چوک ، تیلی محلہ، موچی بازار، صادق آباد، ٹنچ بھاٹہ ،ڈھوک حسوسمیت متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، گھروں میں پانی داخل ہونے سے قیمتی اشیاء تباہ ہوگئیں۔
بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سائرن بجا دیئے گئے۔واسا نے پری الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل مانیٹر کررہے ہیں، نالے کے اطراف آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5فٹ اور گوالمنڈی پل پر پانی کا لیول 4فٹ ہے، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 12فٹ ہوگئی ہے۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ جڑواں شہروں میں مجموعی طور 50ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، موسلادھار بارشوں کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، واسا ٹیمیں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب میں مصروف ہیں۔