
لاہور (الفجرآن لائن) لاہور میں باپ نے غیرت کے نام پر سر پر ہتھوڑے مار کر بیٹی کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ کی مشن کالونی میں باپ نیلسن مسیح نے غیرت کے نام پر ہتھوڑوں کے وار کر کے بیٹی عروج کو قتل کردیااورفرار ہوگیا۔ پولیس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم نیلسن کو اپنی بیٹی پر شک تھا جس پر اس نے بیٹی کے سر پر ہتھوڑوں سے وار کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کے مطابق موقع سے فرار ہونے سے قبل ملزم نے شواہد مٹانے کی بھی کوشش کی۔پولیس کے مطابق شواہد جمع کر کے مقتولہ کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔