
ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف تفصیلات فراہمی کیس نمٹا دیا
اسلام آباد (الفجر آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ عمران خان کیخلاف پی ٹی آئی احتجاج کے بعد مزید 14 مقدمات درج کئے گئے ہیں جس کے بعد اسلام آباد میں ان پر درج مقدمات کی تعداد 76 ہوگئی ہے ۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کی عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی بارے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کیخلاف مقدمات کی نئی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ اسلام آباد احتجاج پر بانی پی ٹی آئی کیخلاف مزید 14 مقدمات درج کئے گئے ہیں جس کے بعد ان پر درج مقدمات کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ کی جانب سے بھی نیب ، ایف آئی ، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بھی عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی رپورٹس عدالت میں جمع کروائی گئیں۔ مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے پر عدالت نے نورین نیازی کی درخواست نمٹا دی۔