
اسلام آباد(الفجرآن لائن)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج ایشیائی ترقیاتی بینک کی سماجی تحفظ کے شعبہ کی ماہر محترمہ زن لونگ سے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ۔ ملاقات کا مقصد بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے مستحق گھرانوں کے افراد کیلئے سکل ٹریننگ اور غیر رسمی تعلیم کے فروغ کے ذریعے روزگار کے مواقعوں کی فراہمی پر تبادلہ خیال کرنا تھا ۔ملاقات میں ماں و بچے کی صحت و غذائیت کے اقدامات اور بینیفشریز کے سکول جانے والے بچوں کے تعلیمی وظائف پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مستحق افراد کی زندگیوں میں معاشی بہتری لانے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں غیر رسمی تعلیم اور بین الاقوامی ڈیمانڈ کے مطابق سکل ٹریننگ فراہم کی جائے تاکہ انہیں ملازمت کے بہتر مواقع میسر آسکیں ۔ سینیٹر روبینہ خالد نے انٹر نیشنل سرٹیفکیشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی کیلئے ٹریننگ سرٹیفکیشنز کا مستند اور معیاری ہونا ضروری ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر سکلڈ لیبر کی ڈیمانڈ ہے لہذا غیر رسمی تعلیم کو سکل ٹریننگ سے منسلک کیا جائے تاکہ مستحق افراد نہ صرف غربت سے باہر نکل سکیں بلکہ اپنے پاؤں پر بھی کھڑے ہوں اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ محترمہ زن لونگ نے بینظیر ہنر مند پروگرا م کے تحت مستحق افرادکو سکل ٹریننگ کے اقدام کو سراہا اور سینیٹر روبینہ خالد کو اے ڈی بی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔