ایبٹ آباد ( الفجرآن لائن) ایبٹ آباد کے تھانہ میرپور کی حدود میں واقع جدون پلازہ کے قریب فا ئر نگ کے افسوسناک واقعے میں 22 سالہ نوجوان معاذ اللہ ولد منظور حسین سکنہ شاہزمان کالونی جاں بحق، جبکہ پولیس اہلکار اے ایس آئی حارث خان شدید زخمی ہو گئے
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر معمولی تکرار کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں معاذ اللہ کو سر میں گولی لگی۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق زخمی حالت میں اس نے اپنے بہنوئی اے ایس آئی حارث خان کو فون کرکے موقع پر بلایا۔ تاہم جب اے ایس آئی حارث خان جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزمان نے انہیں بھی نشانہ بنایا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی حارث خان کو پانچ گولیاں لگیں، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والا معاذ اللہ اپنے خاندان کا اکلوتا بھائی تھا جبکہ زخمی اے ایس آئی حارث خان بھی پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں۔
واقعے کے بعد میرپور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے
