وزیراعلیٰ بلوچستان کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین؛ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری
بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف ریاستی اداروں کی کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی، وزیراعلی
کوئٹہ( الفجرآن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہادر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، تاہم ان کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنایا اور ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ ریاستی ادارے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی فورسز ان عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے، اور پوری قوم اس مقصد کے حصول کے لیے متحد ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے غیر ملکی سرپرستوں کو بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ریاستی ادارے بھرپور عزم اور یکجہتی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کی پالیسی اور عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے متحد، متحرک اور پُرعزم ہیں سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائی اس قومی عزم کی واضح عکاس ہے
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے بہادر افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ پوری قوم کا فخر ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے تک ریاستی اداروں کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
