کوئٹہ/پنجگور( الفجرآن لائن) آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے پاک ایران سرحد سے ملحقہ ضلع پنجگور کی تحصیل پروم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پرواز فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام تعمیر کردہ جدید نادرا رجسٹریشن آفس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
تحصیل پروم میں نادرا آفس موجود نہ ہونے کے باعث مقامی آبادی کو شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے طویل مسافت طے کرکے پنجگور جانا پڑتا تھا۔
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)پرواز فاؤنڈیشن نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختصر مدت میں نادرا رجسٹریشن آفس قائم کیا،جسے جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ آفس میں شہریوں کے لیے کشادہ انتظار گاہ، خواتین کے لیے علیحدہ کاؤنٹر، ڈیٹا انٹری کاؤنٹر اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
نادرا رجسٹریشن آفس جدید اور معیاری طرزِ تعمیر کا حامل ہے، جو اس وقت تحصیل پروم اور گرد و نواح کی تقریباً پچاس ہزار آبادی کو شناختی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کر رہا ہے۔
مقامی عوام نے نادرا رجسٹریشن آفس کے قیام پر ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) پرواز فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو علاقے کی فلاح و بہبود اور عوامی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
