لاہور (الفجرآن لائن) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ٹریفک کے بڑھتے دباؤ، سفری سہولتوں کی فراہمی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 15 اہم سڑکوں کو ڈبل کیرج وے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
منصوبے کے تحت وسطی اور جنوبی پنجاب کی اہم شاہراہوں کو توسیع دے کر دو رویہ بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف سفر کا دورانیہ کم ہوگا۔ بلکہ ٹریفک حادثات میں بھی نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
ڈبل کیے جانے والے اہم روٹس میں فیصل آباد بائی پاس تا موٹروے M-3 براستہ ستیانہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ انٹرچینج M-4 تا رجانہ انٹرچینج M-3، چیچہ وطنی تا کمالیہ بائی پاس، اوکاڑہ تا دیپالپور، ملتان تا متی تل، شیر شاہ بائی پاس تا موٹروے M-4، لودھراں، کروڑ پکا، میلسی، وہاڑی روڈ، چشتیاں تا حاصل پور اور میانوالی تا سی پیک انٹرچینج داؤد خیل شامل ہیں ۔
اسی طرح ملتان، جھنگ، خوشاب، شیخوپورہ، سرگودھا، چنیوٹ، دنیاپور اور دیگر علاقوں میں بھی متعدد سڑکوں کی ڈبلائزیشن منصوبے کا حصہ ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطے مضبوط ہوں گے، زرعی و صنعتی مصنوعات کی ترسیل میں آسانی پیدا ہوگی اور موٹرویز تک رسائی مزید بہتر بنائی جا سکے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کی توسیع سے نہ صرف مقامی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ جنوبی پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے منصوبوں پر مرحلہ وار عملدرآمد متوقع ہے۔
