اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے ڈسکوز کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوے کہا ہے کہ نجکاری کا تمام عمل شفاف بنایا جائے، خسارے سے دوچار سرکاری اداروں کی اصلاح اور نجکاری حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور ڈسکوز کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور اس پورے عمل کو انتہائی شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے بعد صارفین کے مفادات کے تحفظ اور بجلی کی فراہمی کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیا جائے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کی جائے گی۔ ان تینوں کمپنیوں کی نجکاری کے لیے ایکسپریشن آف انٹرسٹ ملکی اور بین الاقوامی اخبارات میں شائع کیا جا چکا ہے۔
بریفنگ کے مطابق کابینہ کی نجکاری کمیٹی ان تینوں ڈسکوز کی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے چکی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے روڈ شوز کا انعقاد رواں ماہ سے شروع کیا جا رہا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کے لیے بین الاقوامی سطح پر بھی خصوصی روڈ شوز منعقد کیے جا رہے ہیں
