کوئٹہ(الفجرآن لائن)محکمہ صحت بلوچستان نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، ہڑتال، خلافِ ضابطہ سرگرمیوں اور محکمہ جاتی نظم و ضبط کی پامالی پر 23 ڈاکٹروں کو معطل 25 افسران کو شوکاز جاری کر دیا، معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند
معزز عدلیہ کے مصدرہ احکامات کے تحت انسانی جانوں اور متعلق اداروں میں ہڑتال اور بندش غیر قانونی اقدامات ہیں، معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، ہڑتال، خلافِ ضابطہ سرگرمیوں اور محکمہ جاتی نظم و ضبط کی پامالی کے معاملات پر سخت کارروائی کرتے ہوئے 23 ڈاکٹروں کو معطل جبکہ 25 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا کہ معزز عدلیہ کے صادر کردہ احکامات کے مطابق انسانی جانوں اور صحت سے متعلق اداروں میں ہڑتال، کام کی بندش اور عوامی خدمات میں تعطل پیدا کرنا غیر قانونی اقدام ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ پوسٹ گریجویٹ تربیتی پروگرام سے وابستہ 5 ٹرینی ڈاکٹروں کی پوسٹ گریجویٹ تربیتی رجسٹریشن بھی معطل کر دی گئی ہے جبکہ ان کے خلاف باضابطہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حقائق اور ذمہ داریوں کا مکمل تعین کیا جا سکے معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتال، طبی مراکز اور صحت کے ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور عوام کو طبی خدمات کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ لازمی سروسز سے غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف قانون اور سروس رولز کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی شاہد رند نے مزید کہا کہ سینئر ڈاکٹروں کی تجاویز اور مشاورت کی روشنی میں حکومت بلوچستان نے صوبے کے سرکاری صحت کے اداروں میں سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ اس کمیٹی میں صوبائی حکومت کے متعلقہ افسران، سینئر ڈاکٹرز، محکمہ صحت کے نمائندگان اور سیکیورٹی حکام شامل ہوں گے، جو صحت کے اداروں میں موجود سیکیورٹی چیلنجز کا جائزہ لے کر قابلِ عمل سفارشات مرتب کریں گے
انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ براہِ راست انسانی جانوں سے وابستہ ہے، اس لیے عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی اقدام، خدمات میں تعطل یا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں ادارہ جاتی نظم و ضبط، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے شاہد رند نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر برادری کے جائز مسائل اور پیشہ ورانہ تحفظات سے مکمل آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں، تاہم قانون، عدالتی احکامات اور سروس رولز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا
انہوں نے کہا کہ تمام معاملات میں شفاف، غیر جانبدارانہ اور میرٹ پر مبنی تحقیقات کے ذریعے حقائق اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے گا تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں اصلاحات، ادارہ جاتی استحکام، احتساب، گورننس میں بہتری اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صوبے کے عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے
