
پی ٹی آئی بڑی سیاسی جماعت، پابندی کسی کے بڑے بھی نہیں لگا سکتے، ایڈہاک ججز کی تعیناتی قابل مذمت، چیف جسٹس ہمارے کیسز نہ سنیں، اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (الفجرآن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے ملک بھر میں جلسوں کا اعلان، چیف الیکشن کمشنر و ممبران کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پابندی کسی کے بڑے بھی نہیں لگا سکتے، سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی قابل مذمت ہے، چیف جسٹس ہمارے کیسز نہ سنیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی و سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں، کسی کا باپ بھی پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگا سکتا، ہم لوگ سب سے بڑی سیاسی جماعت ہیں، پی ٹی آئی کو 3کروڑ لوگوں نے ووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی قابل مذمت ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا مقصد ہم خیال ججز کواپنے ساتھ لگانا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ عمران خان کیخلاف مضامین لکھتی رہی ہیں، انہوں نے اپنا مائنڈ دے دیا، چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ وہ اور ایڈہاک ججز ہمارے کیسز نہ سنیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں لاقانونیت ہے،جمشید دستی کے گھر ریڈ ہوا، شہریار آفریدی کے گھر رات پولیس آئی، ہم ان تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، آئین میں لکھا ہے کسی پارلیمنٹرین کو گرفتار کرنے سے قبل سپیکر کو خط لکھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 4جولائی کو عمران خان سے ملنے سے روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے پاکستان میں بھرپور جلسے کریں گے، اسلام آباد میں بھی جلسہ ہوگا اور صوابی میں بھی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ چیف الیکشن کمشنر اور اس کے دیگر ممبران فوری مستعفی ہوں ورنہ ان کیخلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروئی ہونی چاہئے۔