
سبی میں پانچ دیہات زیر آب آگئے، پی ڈی ایم اے کی مزید بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری
اسلام آباد (الفجرآن لائن) بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے، پی ڈی ایم اے نے مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شمالی و وسطی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روزسے شدید بارشیں جاری ہیں ،حکام کے مطابق ہرنائی، ژوب، لورالائی، سنجاوی، زیارت، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، قلات، خضدار، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، چمن، سبی اور قلعہ عبداللہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش ہوئی،ہرنائی میں موسمی ندیوں نے مین روڈ پر ٹریفک نظام کو درہم برہم کردیا ہے ۔
حکام محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے ناری گج اور بولان میں اونچے درجے کا سیلاب ہے ،سبی کے چار حفاظتی بند ٹوٹنے سے علاقے کے پانچ دیہات زیر آب آ گئے، انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی شروع کردی ہے،مختلف حادثات کے نتیجے میں اب تک 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے بلوچستان نے صوبے میں سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں سمیت نشیبی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔