
سموگ ہیلتھ کرائسز میں تبدیل ہو چکی،شہری ماسک کا استعمال کریں، مریم اورنگزیب کا سکول مزید ایک ہفتہ بند رکھنے کا اعلان
سموگ بارے 10سالہ پالیسی دے دی ہے، سموگ کی روک تھام کیلئے این جی اوز،سول سوسائٹی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو مل کرکام کرنا ہوگا،پریس کانفرنس
لاہور(الفجر آن لائن)حکومت پنجاب نے سموگ کی بگڑتی صورتحال پر لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہفتے میں تین دن مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا جبکہ سینئر وزیر پنجاب حکومت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ ہیلتھ کرائسز میں تبدیل ہو چکی ہے،شہری ماسک کا استعمال کریں، سموگ بارے 10سالہ پالیسی دے دی ہے، سموگ کی روک تھام کیلئے این جی اوز،سول سوسائٹی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو مل کرکام کرنا ہوگا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب حکومت مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ ہیلتھ کرائسز میں تبدیل ہو چکی ہے،دھند کا سیزن بھی شروع ہوگیا ہے، اے کیو آئی لیولز انٹرنیشنل سٹینڈرز کے مطابق خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی بگڑتی صورتحال پر لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جارہی ہے، دونوں شہروں میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ رواں ہفتے سے اگلے اتوار تک تعمیرات پر بھی پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ڈیسک اور ہسپتالوں میں سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، محکموں کو ادویات کا وافر انتظام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ماسک کا استعمال اور موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتی محکمے سموگ کی روک تھام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں،دھواں کیمرہ مانیٹرنگ ہم خود دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 800سے زائد بھٹے مسمار کرائے ہیں جبکہ کئی بھٹے زگ زیگ پر تبدیل کرکے چلوائے ہیں اب بھی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ آنیوالے بھٹے مسمار کئے جارہے ہیں تاہم سموگ پر قابو پانا ایک لانگ ٹرم پراسیس ہے، اس پر قابو پانے کیلئے تین 3ماہ کے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے حوالے سے 10سالہ پالیسی بھی دے دی ہے، وزیراعلی نے مارچ میں ہی سموگ کا 10 سالہ منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سموگ پر جوڈیشل کمیشن بھی بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر طرف سے تجاویز آرہی ہیں، ڈبلیو ڈبلیو ایف نے بھی وزیراعلی پنجاب کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے سے بچنے کیلئے پہلی بار کسانوں کو 1ہزار سپر سیڈر دیئے ہیں، کسان سپر سیڈر کرائے پر بھی حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ای بائیکس بھی دی ہیں، ای وہیکل پالیسی بھی متعارف کرائی ہے، ہم جرمانے تو کردیتے ہیں لیکن وہیکل سرٹیفکیشن کا انفراسٹرکچر ہی موجود نہیں تھا، ٹو ویلر اورتھری ویلر وہیکلز کیلئے سرٹیفکیشن کا پراسیس شروع ہوچکا ہے، وہیکل سرٹیفکیٹ اور اس سے متعلق تمام معاملات پر سیف سٹی سے منسلک کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کسی ملک کی بلیم گیم نہیں، نہ بھارت ہوا کا رخ بدل سکتا ہے نہ ہم، دونوں ممالک کو اکٹھا بیٹھنا پڑے گا، سموگ والا مسئلہ کسی ملک کا ذاتی نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں کا ہے، سموگ کے خاتمے کیلئے پلان پر پچھلے 8ماہ سے عملدرآمد جاری ہے، لاہور میں کل اے کیو آئی اوریج 1110تھی اور یہ 2ہزار تک بھی گئی تھی، لاہور کی سڑکوں پر گاڑیوں اوربائیکس کی تعداد کو دیکھ لیں کسی کو کوئی فرق نہیں، کل میں خود لاہور کی سڑکوں پر گئی،فیملیز گھوم پھر رہی ہیں،کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے باعث سکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے، کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی جبکہ ریسٹورنٹس کو شام4بجے تک کا وقت دیا گیاہے تاہم ریسٹورنٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت رات 8بجے تک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کی روک تھام کیلئے این جی اوز،سول سوسائٹی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو مل کرکام کرنا ہوگا۔