
پرامن احتجاج کو دہشت گردانہ کارروائی سے کنفیوژ نہیں کیا جاسکتا، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ریاست کی عملداری بحال کرنے کیلئے کردار ادا کیا،محمد علی رندھاوا،علی ناصر رضوی کی مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد(الفجر آن لائن)چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے واضح کیا ہے کہ کسی کو ریاست کی عملداری چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دینگے،پرامن احتجاج کو دہشت گردانہ کارروائی سے کنفیوژ نہیں کیا جاسکتا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ریاست کی عملداری بحال کرنے کیلئے کردار ادا کیا۔بدھ کو آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ احتجاج کرنیوالوں نے اسلام آباد پر دھاوا بولا تھا مگرقانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ریاست کی عملداری بحال کرنے کیلئے کردار ادا کیا،تمام روٹس کلیئر ہیں،اسلام آباد کے تمام راستے کھول دیئے ہیں،وفاقی دارالحکومت میں تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے اندر کوئی احتجاج کرنا چاہتا ہے تو اس کا ایک طریقہ کار ہے، احتجاج کرنیوالا ڈسڑکٹ ایڈمنسٹریشن کو درخواست دے اس پر غور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم پر سنگجانی میں دھرنے کی اجازت دی گئی تھی مگر شرپسند بلیوایریا اور ریڈ زون میں آنے کیلئے بضد تھے، اسلام آباد کی خوبصورتی اورگرین بیلٹس کو تباہ کیاگیا،احتجاج کرنے والوں میں غیر ملکی افغان باشندے بھی شامل تھے ان میں سے کئی کو گرفتار کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجیوں کے پاس اسلحہ بھی موجود تھا، شر پسندوں نے میٹرو بس کے سٹیشنوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کا وفد یہاں آیا ہوا ہے، سٹیٹ کی رٹ قائم کرنا بہت ضروری ہے،ہم نے بیلاروس کے وفد کا استقبال بھی کیا اور دوسری طرف احتجاج کرنے والوں کو بھی روکا، اس دوران کئی پولیس اور رینجرز کے اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہاکہ سب کو احتجاج کا حق ہے مگر احتجاج اور دہشت گردی میں فرق ہے، پرامن احتجاج کو کسی دہشت گردانہ کارروائی سے کنفیوژ نہیں کیا جاسکتا،یہ کیسا احتجاج ہے جس میں سکیورٹی پر معمور اہلکاروں پر فائرنگ ہوتی ہے؟، یہ کیسا احتجاج ہے جس میں ہر قسم کی نوعیت کا اسلحہ استعمال ہوتا ہے؟، اس طرح کے احتجاج کہیں نہیں ملیں گے، اس طرح کے احتجاج دہشتگرد کارروائی کہلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26نومبر کو پولیس اور رینجرز پر حملہ کیا گیا، پولیس اور رینجرز پر سیدھے فائر،آنسو گیس شیل چلائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں دہشت گرد کارروائی برداشت نہیں کریں گے۔