کوئٹہ( الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر ضلع زیارت میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے لیے مالی معاونت کی منظوری دے دی گئی ہے۔ حکومتِ بلوچستان نے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کے لیے فی کس ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے کے معاوضے کے ریلیز آرڈر جاری کر دیے ہیں۔ اس بات کا اعلان معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کیا ہے۔
شاہد رند نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام شہداء کے لواحقین کو یہ مالی معاوضہ ان کی دہلیز پر پہنچایا جا رہا ہے تاکہ اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں فوری ریلیف مل سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ کی سخت ہدایات کے باعث اس معاوضے کی ادائیگی کے لیے تمام قانونی، انتظامی اور مالیاتی کارروائیاں ریکارڈ بریک تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کی گئی ہیں۔
معاون اطلاعات نے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مالی معاوضہ کسی صورت بھی انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتا، لیکن حکومت بلوچستان اپنے ان بہادر بیٹوں کے خاندانوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ شہداء کے پسماندگان کی مکمل کفالت اور فلاح و بہبود کی ذمہ داری اٹھانے کے ساتھ ساتھ شہداء کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات بھی خود برداشت کرے گی اور ہر ممکن تعاون کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔

