جاں بحق افراد کا تعلق ضلع مانسہرہ سے، پاکستانی سفارت خانہ سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں
ریاض(الفجر آن لائن) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے علاقے منفوحہ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے افسوسناک دھماکے میں پانچ پاکستانی محنت کش جاں بحق ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ سے ہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت محمد سعید، عابد حسین، عبدالرحمان، محمد سفیر اور محمد رستم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد سعودی حکام نے فوری امدادی کارروائیاں مکمل کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارت خانے کے حکام سعودی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ قانونی کارروائی جلد مکمل ہو سکے۔
سفارت خانے کے مطابق قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد مرحومین کی میتوں کی سعودی عرب میں تدفین یا انہیں پاکستان منتقل کرنے کے حوالے سے لواحقین کی خواہش اور متعلقہ ضوابط کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ افسوسناک واقعہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری کے لیے گہرے صدمے کا باعث بنا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ غم کی کیفیت میں ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

