دہشت گردی کسی صورت جائز نہیں، نوجوان سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈے کا مقابلہ کریں، میر سرفراز بگٹی کا خطاب
راولپنڈی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ملک بھر کے 4,000 سے زائد طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست زیرِ اہتمام منعقدہ سمر کیمپ 2026 کے دوران ایک اہم اور فکری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس خصوصی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے آئے ہوئے 4,000 سے زائد طلبہ و طالبات سے تفصیلی اور براہِ راست گفتگو کی۔ نشست کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ملکی سلامتی، علاقائی صورتحال اور مستقبل کے چیلنجز سے روشناس کرانا تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے خطاب میں صوبے کی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی، اور دہشت گردی کے چیلنجز پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ تشدد اور دہشت گردی کی کسی بھی شکل کو کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے ملکی ترقی میں نوجوانوں کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں اپنی آئینی و قومی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ترغیب دی۔
سیشن کے دوران طلبہ و طالبات کو مختلف قومی، سماجی اور علاقائی موضوعات پر کھل کر سوالات کرنے کا موقع ملا، جن کے وزیراعلیٰ نے مدلل، جامع اور حقائق پر مبنی جوابات دیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کا استعمال انتہائی ذمہ داری، گہری تحقیق اور بالغ نظری کے ساتھ کریں تاکہ دشمن قوتوں کے من گھڑت پروپیگنڈے کو ناکام بنایا جا سکے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر میر سرفراز بگٹی نے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تا قیامت قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور پاکستان اور بلوچستان ایک دوسرے کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی اتحاد، باہمی یکجہتی اور نوجوان نسل کی مثبت سوچ ہی ہمارے ملک کے روشن اور مستحکم مستقبل کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔

