راولپنڈی (الفجرآن لائن) گلستان کالونی کے قریب نالہ لئی میں باپ بیٹا ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔
جبکہ مری کے علاقے میں بااثر ملزمان نے خاتون کا ہاتھ اور پاؤں کاٹ ڈالا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گلستان کالونی کے علاقے میں 6 سالہ زاہد کھیلتے ہوئے نالہ لئی میں گر گیا۔
جسے بچانے کے لئے اس کے 36 سالہ والد مہربان نے بھی چھلانگ لگا دی لیکن گہرائی زیادہ ہونے اور پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث دونوں ڈوب گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سعد علی موقع پر پہنچ گئے۔
جنہوں نے والد کی لاش نکال لی جبکہ بچے کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔
دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سعد علی خان نے امدادی کاروائیوں اور ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر ندی نالوں میں نہانے پر پابندی کے حوالے سے دفعہ 144 کے نفاذ پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس حوالے سے علم نہیں ۔
لیکن ہونا چاہیے اور ہم یہ تجویز کریں گے کہ اس کو فوری طور پر نافذ کیا جائے انہوں نے کہا کہ جہاں باپ اور بیٹا ڈوبے ہیں وہ گہرائی 30 فٹ سے زیادہ ہے ۔
ریسکیو کے غوطہ خور تین بار اس گہرائی میں کی جا چکے ہیں۔
ادھر تھانہ پھگواڑی مری کے علاقے میں پانی کے تنازع پر جھگڑے کی وجہ سے بااثر ملزم نے چھریوں کے وار سے خاتون کا ہاتھ اور بازو کاٹ ڈالا۔
نبیلہ نثار کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق خاتون کے جسم پر ایک درجن سے زائد چھریوں کے وار کئے گئے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق ملزم نے پانی کے تنازع پر 15 جولائی کو خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔
لیکن تھانہ پھگواڑی پولیس نے خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج نہیں کیا ۔
جس پر مزید مشتعل ہو کر ملزم نے خاتون پر چھریوں کے وار سے حملہ کردیا۔
پولیس نے نبیلہ نثار کی درخواست پر اشتہاج نامی ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

